نئی دہلی 22/جولائی (ایس او نیوز/ایجنسی ) گریٹر نوئیڈا کے شاہ بیری میں ہوئے حادثے کو لوگ ابھی بھولے بھی نہیں تھے کہ غازی آباد کے مسوری پولس تھانہ حدود میں پانچ منزلہ زیرتعمیر عمارت گرنے کی اطلاع موصول ہوئی ہے۔ اطلاع کے مطابق، غازی آباد کے داسنا فلائی اوور کے قریب یہ حادثہ اتوار کو پیش آیا ہے۔
اس حادثے میں 10-11 لوگ ملبے کے نیچے دفن ہونے کا خدشہ ہے پولیس اور این ڈی آر ایف کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئی ہیں اور مقامی لوگوں کی مدد سے بچائو کا کام جاری ہے۔ بتایا جارہا ہے کہ جس علاقے میں یہ عمارت گری ہے وہ مکمل طور پر غیر قانونی ہے.
میڈیا کی رپورٹوں کے مطابق ملبے کے نیچے کافی مزدوردبے رہ سکتے ہیں، جبکہ حادثے کے فوری بعد 5 لوگوں کو بحفاظت نکال لیا گیا ہے جس میں 2 بچے بھی شامل ہیں. باہر نکالی گئی گیتا نامی ایک خاتون نے بتایا کہ ان کا شوہر اور آٹھ سالہ بچہ سمیت ان کا پورا خاندان اندر پھنسا ہوا ہے۔
خیال رہے کہ گریٹر نوئیڈا کے شاہ بیری میں منگل کی رات قریب نو بجے دو عمارتیں ایک ساتھ گرگئی تھیں جس میں چار دن تک چلے ریکسیو آپریشن کے بعد دس لوگوں کی نعشیں نکالی گئی تھی، اتنی بڑے واقعے کے بعد گریٹر نوئیڈا میں لگاتار چل رہے غیر قانونی تعمیراتی کاموں پر روک لگائے جانے کاکام جاری ہے مگر اس دوران غازی آباد میں عمارت کے گرنے کی واردات پیش آئی ہے۔
واضح رہے کہ سنیچر کی صبح نوئیڈا کے سیکٹر 63 میں ایک زیرتعمیر عمارت کی ایک دیوار گرنے کی خبر آئی تھی جس میں دو افراد ہلاک ہوگئے تھے، جبکہ سنیچر کو ہی ایک عمارت کو سیل کرنے کے بعد اسی دن شام تک اُس عمارت کے ایک طرف جھکنے کی واردات پیش آئی جس کے نتیجے میں 16 خاندانوں کو وہاں سے منتقل کرایا گیا۔